حوثیوں کے خلاف بڑا حملہ، یمنی فورسز کا 1122 کارروائیوں اور 1747 ہلاکتوں کا دعویٰ

یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے دوران حکومت کی حمایت کرنے والی یمنی فورسز نے حوثی ٹھکانوں پر 1,122 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ماجد عبداللہ النزیلی کے مطابق یہ کارروائیاں صعدہ، الجوف، تعز اور ساحلی علاقوں سمیت مختلف محاذوں پر کی گئیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔یمنی ترجمان کے مطابق حملوں میں جنگی طیاروں، ڈرونز، میزائلوں، راکٹوں، توپ خانے اور اسنائپرز کا استعمال کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں حوثیوں کے توپ خانے کے ٹھکانوں، راکٹ لانچرز، دفاعی تنصیبات، رسد کے راستوں، فوجی کمک اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔النزیلی نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں تقریباً 1747 حوثی جنگجوؤں کو ہلاک یا ’’غیر مؤثر‘‘ کیا گیا، جبکہ 364 فوجی گاڑیوں، سازوسامان اور رسد کی نقل و حمل کے ذرائع کو تباہ یا ناکارہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ اعداد یمنی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور آزاد ذرائع سے ان کی تصدیق نہیں ہوئی۔یہ دعوے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کیلئے بڑے فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا ہے کہ کارروائی کا مقصد ملک کے تمام علاقوں میں ریاستی اختیار اور اداروں کی عمل داری بحال کرنا ہے۔



