جی سیون ممالک اپنے محفوظ ذخائر سے 10 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے پر رضامند ہو گئے

جی سیون ممالک نے عالمی توانائی کی منڈی میں بڑھتی قیمتوں اور اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کے لیے اپنے محفوظ ہنگامی ذخائر سے 4 ماہ کے دوران 10 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے پر اتفاق کرلیا۔جی سیون رہنماؤں کے ورچوئل اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق تیل کے ذخائر سے مربوط انداز میں فوری طور پر تیل مارکیٹ میں لایا جائے گا، جس میں ابتدائی 20 دنوں کے دوران ڈیزل کے ذخائر کا بڑا حصہ جاری کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔جی سیون ممالک اور ان کے شراکت داروں نے ضرورت پڑنے کی صورت میں مزید ڈیزل مارکیٹ میں لانے پر بھی غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے آئندہ دنوں میں عالمی توانائی ایجنسی کے فریم ورک کے تحت اجلاس ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جی سیون ممالک توانائی اور توانائی سے متعلق مصنوعات کی برآمد پر پابندیاں عائد کرنے سے گریز کریں گے اور تمام تیل پیدا کرنے والے ممالک سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے باز رہیں جن سے عالمی منڈی میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔



