ایران کے ساتھ جنگ نہیں ہو رہی، پانچ ماہ میں کوئی ہلاک نہیں ہوا، ٹرمپ کا حیران کن دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور فوجی محاذ آرائی کو جنگ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے معاملے میں نمایاں پیش رفت کرچکا ہے اور اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل حاصل کر رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کے معاملے میں بہت پیش رفت کی ہے اور جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ تیل حاصل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسے جنگ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔امریکی صدر نے کہا، ’’یہ جنگ نہیں ہے۔ جب پانچ ماہ تک کوئی زخمی یا ہلاک نہ ہوا ہو تو اسے جنگ نہیں کہا جاسکتا۔‘‘ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ایران پر نئے فضائی حملوں سمیت ممکنہ فوجی اقدامات پر غور کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ایک طرف امریکی صدر موجودہ صورت حال کو جنگ تسلیم کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور امریکی انتظامیہ کے سامنے فوجی کارروائی کے مختلف امکانات موجود ہیں۔








