Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی
Trending

ہیوسٹن کے میئر کا وفاقی امیگریشن ادارے ICE سے مقامی پولیس کا تعاون محدود کرنے کا حکم

ہیوسٹن ٹیکساس: 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ٹیکساس میں سیاسی تبدیلی کے اثرات فوری طور پر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، امریکا کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن کے میئر جان وائٹمائر نے وفاقی امیگریشن ادارے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے ساتھ مقامی پولیس کا تعاون محدود کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا۔نئے حکم نامےکے تحت معمولی ٹریفک خلاف ورزیوں اور ایسے غیر متشدد جرائم میں جن میں قید کی سزا نہیں ہوتی، ہیوسٹن پولیس معمول کے مطابق وفاقی امیگریشن حکام سے رابطہ نہیں کرے گی، کسی شخص کی مشتبہ یا حقیقی امیگریشن حیثیت بذاتِ خود ICE سے رابطہ کرنے، حراست طویل کرنے یا پولیس تحویل میں رکھنے کی بنیاد نہیں بنےگی۔پولیس چیف جے نوئے ڈیاز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں میئر وائٹمائر نے اس فیصلے کو امیگریشن قوانین کے نفاذ کا نیا طریقہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پولیس کی ترجیح وہ افراد ہونے چاہئیں جو عوامی تحفظ کے لیے حقیقی خطرہ ہیں نہ کہ وہ تارکینِ وطن جو اپنے خاندانوں کے ساتھ پُرامن زندگی گزار رہے ہیں، روزگار کما رہے ہیں یا تعلیم حاصل کررہے ہیں۔میئر کے مطابق معمولی ٹریفک خلاف ورزی پر اہلکار متعلقہ شخص کو ٹکٹ یا وارننگ دے کر جانے دیں گے، اس فیصلے کا مقصد تارکینِ وطن کمیونٹیز میں پائے جانے والے خوف اور عدم تحفظ کو کم کرنا اور پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد بحال کرنا ہے۔پولیس چیف نوئے ڈیاز نے بتایا کہ نئی ہدایات کے مطابق معمول کے سول امیگریشن وارنٹ کی بنیاد پر پولیس ICE سے خودکار رابطہ نہیں کرے گی تاہم اگر کسی شخص کو ایسے جرم میں گرفتار کیا جائے جس میں جیل کی سزا ہوسکتی ہے اور اس کے خلاف امیگریشن وارنٹ بھی موجود ہو تو پولیس مقررہ طریقہ کار کے مطابق وفاقی حکام کو اطلاع دے سکے گی، اسکے بعد زیرِ حراست شخص سے متعلق کارروائی ہیرس کاؤنٹی جیل اور متعلقہ حکام کے دائرہ اختیار میں ہوگی۔میئر وائٹمائر نے انتخابی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات اہمیت رکھتے ہیں اور عوامی فیصلے حکومتی پالیسیوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ ریاستی انتظامیہ کی باقی ماندہ مدت کے دوران بھی اس فیصلےکی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button