ابو ظہبی ٹیسٹ: بنگلادیش کا افغانستان کو جیت کیلئے 478 رنز کا ہدف

ابو ظہبی ٹیسٹ میں بنگلادیش نے افغانستان کو جیت کے لیے 478 رنز کا ہدف دے دیا۔کھیل کے چوتھے روز دوسرے سیشن میں بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 372 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔لٹن داس نے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 102 رنز بنائے۔ان کے علاوہ کپتان نجم الحسن شنتو (82) مشفق الرحیم (81) رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مہدی حسن میراز 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔افغانستان کی جانب سے یامین احمدزئی، محمد سلیم اور ضیاءالرحمان نے 2، 2 جبکہ قیس احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل افغانستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ کپتان رحمت شاہ 105 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے ہیٹ ٹرک کی اور اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبادت حسین نے 4 اور مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ واحد ٹیسٹ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 346 رنز بنائے تھے۔تنزید حسن 83، شادمان اسلام 67 اور لٹن داس 53 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے 4، یامین احمدزئی نے 3، وصم اسلام نے 2 اور قیس احمد نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔



