کانگریس ترجمان نے جلدی آؤٹ ہونے پر روہت شرما کو موٹا قرار دے دیا

کانگریس ترجمان نے جلدی آؤٹ ہونے پر روہت شرما کو موٹا قرار دے دیا۔نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں روہت شرما 15 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے جس پر کانگریس ترجمان شمع محمد نے بھارتی کپتان کو ’موٹا‘ قرار دے دیا۔شمع محمد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ روہت شرما ایک کھلاڑی کے لیے موٹے ہیں، اُنہیں وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔شمع محمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ روہت شرما کے بارے میں "ورلڈ کلاس” کا جملہ غیر حقیقت پسندانہ ہے اور انکا سابق کپتانوں گنگولی، سچن، دھونی، کپل دیو اور شاستری کے ساتھ موازنہ نہیں کرنا چاہیے۔کانگریس ترجمان کے اس بیان پر بھارت میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور بی جے پی نے موقع غنیمت جان کر کانگریس کے خلاف محاذ کھول دیا۔روہت شرما کے مداحوں نے بھی سخت ردعمل دیا اور ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم کی شاندار کارکردگی کے اعداد و شمار پیش کیے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس بیان کو کانگریس کی ایمرجنسی ذہنیت قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔حکمران جماعت کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا اب راہل گاندھی سیاست میں ناکامی کے بعد کرکٹ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں؟۔