برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی الویز کو ریپ کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا
سپین کی عدالت نے برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی الویز کو ریپ کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنا دی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 40 سالہ ڈینی الویز پر الزام تھا کہ انہوں نے دسمبر 2022 میں بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں نوجوان خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔اس کے علاوہ عدالت نے 3 بار چیمپئنز لیگ جیتنے والے ڈینی الویز کو جیل کی سزا پوری کرنے کے بعد 5 سال پروبیشن کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی فٹبالر کو متاثرہ خاتون کو ایک لاکھ 50 ہزار یورو (ایک لاکھ 62 ہزار ڈالرز) معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔استغاثہ نے فٹبالر کے لیے 10 سال پروبیشن کے ساتھ 9 سال قید کی سزا کی درخواست کی تھی۔پورے مقدمے کے دوران ڈینی ایلویز نے اپنا دفاع کرتےہوئے کہا کہ واقعے کے روز وہ نشے کی حالت میں تھے، تین روزہ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں موجود ڈینی الویز نے گواہی دی کہ خاتون کے ساتھ تعلق رضامندی سے ہوا، انہوں نے لڑکی کو مارنے یا بال پکڑنے کے الزامات کی تردید کی۔ڈینی الویز نے کہا کہ ’میں اس قسم کا آدمی نہیں ہوں، میں پرتشدد انسان نہیں ہوں، اگر وہ جانا چاہتی تو وہ جا سکتی تھی، وہ وہاں رکنے کی پابند نہیں تھی، عدالت نے نشاندہی کی کہ متاثرہ خاتون کے گھٹنوں پر لگنے والی چوٹیں ڈینی ایلویز کے تشدد کا نتیجہ تھیں۔فٹبالر جنوری 2023 میں گرفتاری کے بعد سے پولیس کی حراست میں ہیں، ضمانت کی درخواستوں کے باوجود عدالت نے انہیں ملک چھوڑنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ڈینی الویز اپنے کامیاب کیریئر میں 42 ٹرافیاں جیت چکے ہیں ، وہ سال 2008 سے 2016 تک بارسلونا کے ساتھ رہے جہاں انہوں نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، جس کے دوران انہوں نے 23 ٹرافیاں جیتیں۔