میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیکر سیریز میں2-1 کی برتری حاصل کرلی
میلبرن:آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے 5ویں روز بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارت کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے جواب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی نہ جا سکے۔بھارت کے یشسوی جیسوال84اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3، وکٹیں سمیٹیں جب کہ اسپنر نیتھن لوئن نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ان کے علاوہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک وکٹ ملی، آسٹریلوی بولرز نے بھارت کی آخری سات وکٹیں محض 34 رنز کےاضافے سے گرا دیں، انڈیا کے 121 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ تھے۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں 3، 3، وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔فتح کے ساتھ کینگروز نے 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔اس شکست کا مطلب ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی بھارت کی امیدیں تقریبا دم توڑ گئیں، لیکن سڈنی میں فتح کے ساتھ سیریزکو برابر کرکے وہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کو اپنے پاس برقرار رکھ سکتا ہے۔