22 سالہ انٹرنیشنل فٹبالر کار حادثے میں زخمی ہونے کے ایک ماہ بعد چل بسا
جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے انٹرنیشنل فٹبالر مارکو انگولو کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے ایک ماہ بعد چل بسے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 22 سالہ نوجوان فٹبالر مارکو انگولو 7 اکتوبر کو ایکواڈور کے دارالحکومت کوئٹو میں پیش آنے والے کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد مارکو ایک ماہ سے زائد عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور اب ان کے کلب نے فٹبالر کی موت کا اعلان کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق پیر کی رات انتقال کرنے سے پہلے نوجوان فٹبالر کے کئی آپریشن کیے گئے تھے، وہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں تھے۔واضح رہے کہ مارکو انگولو نے نومبر 2022 میں ایکواڈور کے لیے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ایکواڈور کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے مارکو انگولو کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔