ڈھاکا کے حالات، بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پیش کش کو تسلیم کرلیا
لاہور: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پیش کش کو تسلیم کرتے ہوئے 17 کے بجائے 13 اگست کو اپنی ٹیم لاہور بھیجنے کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈھاکا میں جاری کشیدگی کے باعث پی سی بی نے بنگلادیش کو ٹیم جلدی بھیجنے کی پیش کش کی تھی جسے تسلیم کرلیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 13 اگست کو لاہور پہنچے گی جسے پہلے شیڈول کے مطابق 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کو پیشکش کی تھی کہ وہ اپنی ٹیم پہلے بھیج دے کیونکہ ڈھاکا کے حالات اور کشیدگی کی وجہ سے اُسے پریکٹس کا موقع نہیں مل سکتا تھا۔اعلامیے کے مطابق بنگلا دیش کی ٹیم اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین روز پریکٹس کرکے اسلام آباد جائے گی اور پھر 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ پاکستان اور مہمان ٹیم کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔اس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے کراچی میں ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او نظام الدین چوہدری نے کہا کہ کھیل صرف جیت ہار کا نام نہیں بلکہ یہ دوستی بھی ہے، ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔