اب پلان پر عمل ہورہا ہے، کوشش ہوگی انگلینڈ کیخلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھیں، بابر اعظم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ اب پلان پر عمل درآمد ہورہا ہے، کوشش ہوگی انگلینڈ کیخلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے کارکردگی میں بہتری آئی، پہلے میچ کے بعد ٹیم کی بیٹنگ میں کافی بہتری آئی ہے، انفرادی کارکردگی میں رضوان اور فخر نمایاں رہے۔بابر اعظم نے کہا کہ لوئر آرڈر میں افتخار احمد اور اعظم خان کی بیٹنگ خوش آئند ہے، آنے والی سیریز میں بھی آپ کو مثبت ارادے نظر آئیں گے، باؤلنگ میں پہلے میچ کے بعد سینئر بولرز نے ذمہ داری لی۔انہوں نے کہا کہ عماد وسیم مشکل صورتحال میں بہت اچھی بولنگ کررہے ہیں، جو بھی پلان ہے اس پر اب عمل درآمد ہو رہا ہے۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ انگلینڈ کے خلاف اسی مومینٹم کو برقرار رکھیں، انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔خیال رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 4 ٹی 20 میچز کی سیریز 22 مئی سے شروع ہوگی جب کہ ٹی 20 ورلڈکپ یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا۔