سچن ٹنڈولکر کے سیکیورٹی گارڈ نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی
عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے سیکیورٹی گارڈ نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق سچن ٹنڈولکر کی سیکیورٹی پر مامور مہاراشٹر کی اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے اہلکار نے اپنے جامنر ٹاؤن میں واقع آبائی گھر میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔اس شخص کی شناخت پرکاش کاپڈے کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے آبائی کچھ چھٹیاں گزارنے کے لیے گئے تھے۔39سالہ کاپڈے نے اپنی سروس گن سے خود کو گردن میں گولی ماری اور انہوں نے پسماندگان میں بوڑھے والدین کے ساتھ ساتھ بیوی اور دو چھوٹے بچے بھی چھوڑے ہیں۔جامنر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر کرن شندے نے بتایا کہ واقعہ رات ڈیڑھے بچے کے قریب گھر میں پیش آیا اور خودکشی کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گٓئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق سیکیورٹی اہلکار نے ذاتی وجوہات کے سبب یہ انتہائی قدم اٹھایا البتہ ہم مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔کاپڈے کی لاش ہسپتال منتقل کر کے جامنر پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کر لی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔