پوری امید ہے چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، چیئرمین پی سی بی
کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پوری امید ہے چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر قدم اٹھاؤں گا۔ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کرانی ہے، باقی معاملات اللہ پر چھوڑ دیے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ایک ہفتے میں پاکستان ٹیم کا کوچنگ اسٹاف فائنل ہوجائے گا۔ کھلاڑیوں نے 25 مارچ کو کاکول جاکر ٹریننگ بھی کرنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں سلیکشن کمیٹی کو بااختیار بنانا چاہتا ہوں، سیلکشن کمیٹی کے معاملات میں میرا عمل دخل نہیں ہوگا۔محسن نقوی نے کہا کہ سیلکشن کمیٹی ہی کپتان بنانے کے فیصلے کیا کرے گی، ماضی میں پی سی بی صرف پیسے اکٹھا کرتا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اب ایسا نہیں ہوگا، پی سی بی کے سب پیسے خرچ ہونگے۔