دنیا میں سب سے زیادہ مقبول 10 کھیل کون سے ہیں؟

2025 میں سب سے زیادہ شائقین اور ناظرین رکھنے والے کھیلوں کی فہرست سامنے آگئی۔حالیہ عالمی رپورٹ کے مطابق ان کھیلوں نے دنیا بھر میں ثقافت، جذبات اور تفریح کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔یہ ہیں وہ 10 کھیل جنہوں نے 2025 میں مقبولیت، شوق اور شائقین کے اعتبار سے دنیا کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔
فٹبال
تقریباً 4 ارب مداحوں کے ساتھ فٹبال دنیا کا سب سے مقبول کھیل ہے۔ یہ کھیل دنیا کے ہر کونے میں کھیلا اور دیکھا جاتا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ اور یوفا چیمپئنز لیگ جیسے ایونٹس اربوں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
کرکٹ
دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کی تعداد تقریباً 2.5 ارب ہے۔ یہ کھیل خاص طور پر بھارت، پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز میں مقبول ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ، پی ایس ایل اور آئی پی ایل جیسے مقابلے اس کی مقبولیت کو مزید بڑھاتے ہیں۔
ہاکی
فیلڈ ہاکی کے تقریباً 2 ارب مداح ہیں۔ بھارت، پاکستان، نیدرلینڈز اور آسٹریلیا میں یہ کھیل قومی سطح پر فخر کا باعث سمجھا جاتا ہے۔ یہ اولمپکس کا حصہ بھی ہے اور عالمی ٹورنامنٹس کے ذریعے شائقین کی توجہ حاصل کرتا ہے۔
ٹینس
ٹینس کو دنیا بھر میں تقریباً 1 ارب افراد فالو کرتے ہیں۔ ومبلڈن، یو ایس اوپن، فرنچ اوپن اور آسٹریلین اوپن جیسے بڑے مقابلے ٹینس کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بناتے ہیں۔
والی بال
والی بال کے شائقین کی تعداد تقریباً 900 ملین ہے۔ برازیل، روس، امریکہ، جاپان اور فلپائن سمیت کئی ممالک میں یہ کھیل بے حد مقبول ہے۔ یہ کھیل انڈور اور بیچ دونوں صورتوں میں کھیلا جاتا ہے۔
ٹیبل ٹینس
ٹیبل ٹینس جسے عام طور پر پنگ پونگ بھی کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں 875 ملین افراد کے درمیان مقبول ہے۔ یہ کھیل چین، جنوبی کوریا، اور یورپ کے مختلف حصوں میں اسکولوں اور کلبوں میں وسیع پیمانے پر کھیلا جاتا ہے۔
باسکٹ بال
باسکٹ بال دنیا بھر میں تقریباً 825 ملین شائقین رکھتا ہے۔ یہ امریکہ، چین، فلپائن اور یورپ کے مختلف ممالک میں بہت مقبول ہے۔ این بی اے اور یورولیگ جیسے ایونٹس شائقین کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔
بیس بال
بیس بال کے مداحوں کی تعداد تقریباً 500 ملین ہے۔ یہ کھیل امریکہ، جاپان، کیریبین اور لاطینی امریکہ کے بعض حصوں میں مقبول ہے۔ ورلڈ سیریز اور جاپان کا نپون لیگ جیسے ایونٹس اسے زندہ رکھتے ہیں۔
رگبی
رگبی کے دنیا بھر میں تقریباً 475 ملین مداح ہیں۔ یہ کھیل برطانیہ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں خاصا مقبول ہے۔ رگبی یونین اور رگبی لیگ دونوں اپنی جگہ عالمی مقابلے رکھتے ہیں۔
گالف
450 ملین شائقین کے ساتھ گالف ایک ایسا کھیل ہے جو خاص طور پر شمالی امریکہ، یورپ اور مشرقی ایشیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ دی ماسٹرز اور پی جی اے ٹور جیسے ایونٹس اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔