شعیب بشیر نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے
چوتھے ٹیسٹ میں انگلش اسپنر شعیب بشیر کی شاندار بولنگ کی بدولت بھارتی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔رانچی میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم پہلی اننگ میں 353 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بھارت نے پہلی اننگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنالیے ہیں جبکہ انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے بھارت کو مزید 134 رنز درکار ہیں۔دھرو جوریل 30 اور کلدیپ یادیو 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔یشسوی جیسوال 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روہت شرما 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شبھمن گل کو 38 رنز پر شعیب بشیر نے ایل ڈبلیو آؤٹ کیا، سرفراز خان 14 رنز بناسکے۔انگلش اسپنر شعیب بشیر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔شعیب بشیر نے یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پتیدار اور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کی وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انگلش ٹیم نے پہلی اننگ میں جو روٹ 122 رنز کی شاندار اننگ کی بدولت 353 رنز بنائے تھے، اولی رابنسن 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، بین فوکیس 47 اور زیک کرولی 42 رنز بناسکے۔بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ آکاش دیپ نے تین اور محمد سراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔