آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پی سی بی حکام کی غیر موجودگی پر وضاحت پیش کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل کی اختتامی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام کی غیر موجودگی پر وضاحت پیش کر دی۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب میڈیانے عالمی کرکٹ کے منتظم ادارے ( آئی سی سی ) سے میزبان پاکستان کی چمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب کے معاملے پر تبصرہ طلب کیا۔آئی سی سی کے ترجمان نے بتایا کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن نقوی دراصل ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کے نامزد نمائندے تھے او اُن کو تقریب میں مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ شرکت نہ کر سکے۔ترجمان نے کہا محسن نقوی دستیاب نہیں تھے اور فائنل کے لیے دبئی کا سفر نہیں کیا۔تقریب میں پاکستانی نمائندگی کے فقدان پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے آئی سی سی نے اپنی ایوارڈ تقریبات کے طے شدہ پروٹوکول کی وضاحت کی۔آئی سی سی کے ترجمان نے کہا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل صرف ٹورنامنٹ کے میزبان بورڈ کے سربراہ جیسے صدر، نائب صدر، چیئرمین یا چیف ایگریکٹو کو ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کرتی ہے۔ دیگر بورڈ حکام چاہے وہ مقام پر موجود ہوں یا نہیں، اسٹیج پر تقریب تقسیم انعامات کا حصہ نہیں بنتے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مزید زور دیا کہ یہ پروٹوکول اس کے تمام ٹورنامنٹس میں مستقل طور پر نافذ رہا ہے اور یہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے لیے مخصوص نہیں تھا ۔