روحانی رسم کی ادائیگی کے دوران اداکارہ ہلاک
33 سالہ میکسیکن اداکارہ مارسیلا الکا زار روڈریگز ایک روحانی رسم کی پیروی کے دوران مینڈک کا زہر پینے سے ہلاک ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اداکارہ نے ایک قدیم روحانی روایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے جسم سے زہریلے یا نقصان دہ مادّوں کو نکالنے کیلئے مینڈک کا زہر پی لیا۔اداکارہ کی موت کی تصدیق میکسیکو کی پروڈکشن کمپنی ماپاچے فلمز نے کی جس نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ یہ رسم جنوبی امریکا کے کچھ حصوں میں برسوں سے رائج ہے، جہاں جسم کو پاک کرنے کے لیے ایمازون کے بڑے مینڈکوں کا زہر پیا جاتا ہے یا کسی اور طریقے سے جسم میں داخل کیا جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق زہر پینے کے فوراً بعد اداکارہ کو شدید الٹیاں ہونے لگیں اور طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں۔اس رسم کو چند قبائل کی جانب سے جسمانی بیماریوں سے نجات اور شفا کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے لیکن مارسیلا کے لیے یہ مہلک ثابت ہوئی اور اداکارہ کی موت کی وجہ بن گئی۔یاد رہے کہ پولیس نے اس خطرناک رسم کا انتظام کرنے والے افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔