لارنس بشنوئی کا نام لے کر سلمان خان کو تاوان کی دھمکیاں دینے والا پکڑا گیا
بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے شخص کو جھارکھنڈ کے شہر جمشیدپور سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام لے کر اداکار سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور سلمان خان کی جان کو خطرے میں بتایا تھا۔یہ دھمکی آمیز پیغام ممبئی ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم کو 18 اکتوبر کو موصول ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ 21 اکتوبر کو ملزم نے ایک معافی نامہ بھی بھیجا جس میں کہا گیا کہ یہ پیغام غلطی سے بھیجا گیا تھا۔پولیس نے ملزم کی لوکیشن کو جھارکھنڈ سے ٹریس کیا اور کامیاب کارروائی کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے خود کو لارنس بشنوئی گروہ کے قریب ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور تاوان نہ دینے کی صورت میں سلمان خان کی زندگی کو لاحق خطرے سے خبردار کیا تھا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سلمان خان کو پہلے بھی بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں مل چکی ہیں اور گینگسٹر نے اداکار سے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا۔