کیا ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ کا تیسرا سیکوئیل آنے والا ہے؟
ممبئی: بھارتی فلمساز راج کمار ہیرانی نے اپنی مشہور زمانہ فلم ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں۔اداکار سنجے دت کی 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’منا بھائی ایم بی بی‘‘ نے اپنی منفرد کہانی اور کاسٹ کی بدولت بے شمار تعریفیں سمیٹی تھیں اور منا بھائی اور سرکٹ کی جوڑی کو شائقین نے اس قدر پسند کیا کہ اس فلم کا دوسرا سیکوئیل 2006 میں ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ کے نام سے سینما گھروں کی زینت بنا۔کامیڈی اور رومانس سے بھرپور اس فلم کے تیسرے حصے سے متعلق گزشتہ سال سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں، اب آخرکار فلمساز راجکمار ہیرانی نے فلم بینوں کو خوش خبری سنا دی ہے۔حال ہی میں ممبئی میں ایک تقریب کے دوران راجکمار ہیرانی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’منا بھائی‘‘ سے متعلق مختلف پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں۔فلمساز کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ’’منا بھائی‘‘ کے پانچ ادھورے اسکرپٹس ہیں۔ وہ ہر ایک اسکرپٹ پر چھ ماہ کام کرتے ہیں لیکن درمیان میں جب کہانی آگے نہیں بڑھ پاتی تو اسے روک دیتے ہیں۔انھوں نے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ منا بھائی کی اگلی فلم، پچھلی فلموں سے بہتر ہونی چاہیے، اس لیے اب ہمارے پاس ایک منفرد آئیڈیا ہے اور اس پر کام کررہے ہیں۔یاد رہے کہ منا بھائی سیریز کی پہلی دو فلموں کے بعد تیسری فلم ’منا بھائی چلے امریکا‘ بنائی جارہی تھی، لیکن سنجے دت کی سزا اور قید کے بعد اس منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔