لیڈی ڈاکٹر ریپ کیس کیخلاف احتجاج، شریا گھوشال کا کولکتہ میں کنسرٹ ملتوی

لیڈی ڈاکٹر ریپ کیس کیخلاف احتجاج، شریا گھوشال کا کولکتہ میں کنسرٹ ملتوی

ممبئی: بھارت کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کے انصاف کے لیے ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اپنا میوزک کنسرٹ ملتوی کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 14 ستمبر کو کولکتہ میں شریا گھوشال کا میوزک کنسرٹ شیڈول تھا تاہم، کنسرٹ سے چند روز قبل گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اُنہوں نے کولکتہ ریپ کیس کی متاثرہ فیملی سے اظہار یکجہتی کرنے اور ظلم کے خلاف اُٹھاتے ہوئے کنسرٹ ملتوی کردیا ہے۔شریا گھوشال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی پوسٹ میں کہا کہ حال ہی میں کولکتہ میں پیش آنے والے لرزہ خیز اور گھناؤنے واقعے نے مجھے ذہنی طور پر بُری طرح متاثر کیا ہے۔گلوکارہ نے کہا کہ میں گہرے دُکھ کے ساتھ اعلان کررہی ہوں کہ میرا کنسرٹ جو 14 ستمبر کو کولکتہ میں منعقد ہونا تھا، وہ اب اکتوبر 2024 تک ملتوی ہوگیا ہے، ہم سب کو اس کنسرٹ کا بےصبری سے انتظار تھا لیکن اس وقت میرے لیے سب سے ضروری ہے کہ میں دردناک واقعے کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کی فیملی کے ساتھ اظہار یکجہتی کروں۔اُنہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرے دوست اور مداح اس کنسرٹ کو ملتوی کرنے کے ہمارے فیصلے کو قبول کریں گے، براہ کرم میرے اور میرے بینڈ کے ساتھ رہیں کیونکہ ہم جنسی زیادتی جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث درندہ صفت انسانوں کے خلاف متحد ہیں۔شریا گھوشال نے مزید کہا کہ میں اور میری ٹیم بہت جلد کولکتہ میوزک کنسرٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گی۔واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

kamran