بھارت میں عام انتخابات: کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی
بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو رواں سال عام انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کا ٹکٹ مل گیا۔بی جے پی نے اتوار کو ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے لیے 111 امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست جاری کی جس میں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی شامل تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت ہماچل پردیش کے شہر مندی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گی۔ بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک اعزاز قرار دیا۔ واضح رہے کہ بھارت کا الیکشن کمیشن ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرچکا ہے۔بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 543 نشستوں کیلئے عام انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔ بھارتی ریاستوں میں سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا اختتام یکم جون کو ہوگا۔