ہالی ووڈ میں بڑی ہلچل، نیٹ فلکس وارنر بروس ڈسکوری کے حصول کے قریب پہنچ گیا

نیٹ فلکس نے وارنر بروس ڈسکوری کے اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ اثاثوں کے لیے اب تک کی سب سے بڑی پیشکش کردی ہے، جو تقریباً 28 ڈالر فی شیئر کی قیمت پر کی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پیشکش گزشتہ جمعرات کو جمع کرائی گئی۔ اسی دن پیرا ماؤنٹ نے بھی ایک نئی پیشکش کی، جس کی قیمت تقریباً 27 ڈالر فی شیئر تھی۔تاہم ان دونوں پیشکشوں کا براہ راست موازنہ نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ پیرا ماؤنٹ پورے وارنر بروس ڈسکوری کو خریدنے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں سی این این اور دیگر کیبل چینلز بھی شامل ہیں جبکہ نیٹ فلکس اور دیگر بڈرز صرف اسٹوڈیوز اور اسٹریمنگ اثاثوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔میڈیا کی یہ بڑی خریداری کی جنگ حالیہ دنوں میں تیز ہو گئی ہے، جس نے ہالی وڈ کی توجہ حاصل کی ہے اور اس کی گونج وائٹ ہاؤس تک جاپہنچی ہے۔ایچ بی او اور ڈی سی کامکس جیسے برانڈز کا مستقبل اس جنگ سے وابستہ ہے۔دونوں کمپنیوں کے نمائندوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، تاہم معلومات کے مطابق نیٹ فلکس اس وقت سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔پیرا ماؤنٹ نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وارنر بروس ڈسکوری کے عمل کو نیٹ فلکس کے حق میں جانبدار قرار دیا ہے۔



