سلمان خان کے بلوچستان سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو سعودی عرب میں بلوچستان سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑ گیا۔ان دنوں بالی ووڈ انڈسٹری کے تینوں مشہور خانز، سلمان ، شاہ رخ اور عامر خان کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں تینوں اداکار مختلف تقریبات میں مداحوں سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ایک میڈیا سیشن کے دوران سلمان خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ بہت سے لوگ ہمارے ملک سے یہاں (سعودی عرب) آتے ہیں، یہاں پر بلوچستان، افغانستان اور پاکستان سے بھی لوگ آتے ہیں۔‘ سلمان خان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس پر انہیں پاکستانی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی اداکار کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہندوستان، خالصتان اور افغانستان سے لوگ یہاں آتے ہیں بلکل ویسے ہی‘۔