جیکی چن کی نئی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل
جیکی چن کو لگ بھگ دنیا بھر میں فلمیں دیکھنے والے افراد جانتے اور ان کے مداح ہیں مگر ان کی حالیہ تصاویر نے مداحوں کو دنگ کر دیا ہے، کیونکہ انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اداکار بوڑھے ہو رہے ہیں۔7 اپریل کو جیکی چن 70 ویں سالگرہ منائیں گے اور گزشتہ دنوں ایک تقریب میں ان کی شرکت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ان تصاویر میں 69 سالہ اداکار کے سر اور چہرے کے بال مکمل سفید ہیں یا یوں کہہ لیں کہ وہ کافی بزرگ نظر آ رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تو معلوم نہیں کہ یہ ایونٹ کونسا تھا، بس یہ معلوم ہے کہ اس کا انعقاد گزشتہ دنوں چین میں ہوا تھا۔ان تصاویر پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے کافی کمنٹس کیے ہیں، کیونکہ عموماً اداکار اس طرح کے روپ میں نظر نہیں آتے۔جیکی چن کے ایک مداح نے کہا کہ ہمارے ہیرو بوڑھے ہو رہے ہیں جبکہ دوسرے مداح کا کہنا تھا کہ اب جیکی چن کراٹے کڈ کے کردار مسٹر میاگی سے ملتے جلتے نظر آ رہے ہیں۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جیکی چن کا یہ بوڑھا روپ ان کی ایک فلم کے لیے ہو سکتا ہے۔