مس یونیورس مقابلے میں پہلی بار شرکت، نادین ایوب فلسطین کی آواز بنیں گی

تھائی لینڈ میں ہونے والے مس یونیورس 2025 کے بین الاقوامی مقابلے میں فلسطین پہلی بار اپنی نمائندہ بھیج رہا ہے۔ستائیس سالہ نادین ایوب، جو ایک سرٹیفائیڈ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن کوچ ہیں، نومبر 2025 میں ہونے والے اس عالمی مقابلے میں فلسطین کی اولین نمائندہ بننے جا رہی ہیں۔نادین ایوب، جنہیں 2022 میں مس فلسطین کا تاج پہنایا گیا تھا، ادب اور نفسیات میں ڈگری رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنی اس تاریخی شرکت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی نمائندہ ہیں جنہیں غزہ میں ناانصافی اور قتل عام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔فلسطینی ماڈل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’فلسطین دنیا کے ہر فورم پر نمودار ہوگا۔ فلسطینیوں کے لیے اب خاموش نہیں رہا جاسکتا۔‘‘ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں جاری جنگ کے باعث فلسطینی عوام بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔