کرن سنگھ گروور سے علیحدگی کے 12 سال بعد جینیفر ونگیٹ دوسری شادی کر رہی ہیں؟

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ جینیفر ونگیٹ ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ سابق شوہر کرن سنگھ گروور سے طلاق کے تقریباً 12 سال بعد اداکارہ کی ممکنہ شادی سے متعلق افواہوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔جینیفر ونگیٹ اور کرن سنگھ گروور نے 2012 میں شادی کی تھی۔ دونوں کی محبت کا آغاز مقبول ٹی وی ڈرامے ’دل مل گئے‘ کے سیٹ سے ہوا تھا۔ ابتدا میں دونوں قریبی دوست تھے، تاہم ایک نجی شادی کی تقریب میں ملاقاتوں کے بعد یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔اگرچہ مداح اس جوڑی کو بے حد پسند کرتے تھے، لیکن شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور باہمی اختلافات کے باعث 2014 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 41 سالہ جینیفر ونگیٹ سنگاپور سے تعلق رکھنے والے اسماعیل ولیم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کی منگنی بھی ہو چکی ہے اور مبینہ طور پر حالیہ تعطیلات کے دوران اسماعیل ولیم نے جینیفر کو شادی کی پیشکش کی تھی۔



