آسکر ایوارڈز: ’اوپن ہائیمر‘ نے میلا لوٹ لیا، ’باربی‘ صرف ایک ایوارڈ حاصل کرسکی
دنیا کا پہلا ایٹم بم تیار کرنے والے سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ کی داستان پر مبنی فلم ’اوپن ہائیمر‘ نے 96ویں آسکر ایوارڈز کا میلا لوٹ لیا، 7 ایوارڈ اپنے نام کرلیے، فلم کے اداکار کیلین مرفی بہترین اداکار قرار پائے۔فلم ’اوپن ہائیمر‘ آسکر ایوارڈز 2024کی تقریب میں سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم بن گئی ہے، یہ فلم پہلے ہی سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلم تھی۔جس نے بہترین پکچر، بہترین اداکار، بہترین سپورٹنگ اداکار، بہترین ڈائریکٹر، بہترین اوریجنل اسکور، بہترین سنیماٹوگرافی اور بہترین فلم ایڈیٹنگ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔کیلین مرفی بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے آئرش نژاد اداکار تھے جبکہ بہترین سپورٹنگ اداکار کا ایوارڈ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر جبکہ بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ اوپن کرسٹوفر نولن نے جیتا، تینوں فنکاروں نے اپنے کریئر کا پہلا آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے کے بعد کیلین مرفی نے کہا کہ وہ آج رات بطور آئرش اداکار فخر محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے کرسٹوفر نولن اور پروڈیوسر ایما تھامس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’ہم نے ایسے انسان کے بارے میں فلم بنائی جنہوں نے ایٹم بم بنایا، اب چاہے وہ ایٹم بم بہتری کیلئے بنایا گیا یا نہیں، اس لیے میں یہ ایوارڈ امن قائم کرنے والوں کے نام کرنا چاہتا ہوں‘۔دوسری جانب فلم باربی جو اپنی ریلیز سے قبل اور بعد میں دنیا بھر میں مشہور ہوئی تھی اور اوپن ہائیمر کے مقابلے سب سے زیادہ بزنس کیا تھا، آسکر ایوارڈ کی تقریب میں صرف ایک ایوارڈ اپنے نام کرسکی۔