علی عباس کا والد کی دوسری شادی کے بعد کی زندگی سے متعلق انکشاف

ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور اداکار علی عباس نے والد کی دوسری شادی کے بعد کی زندگی سے متعلق انکشاف کردیا۔اداکار علی عباس نے حال ہی ایک پوڈکاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔ انہوں نے اپنے والد سینئر اداکار وسیم عباس کی دوسری شادی کے بعد ان کی زندگی میں پیش آنے والے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔علی عباس نے بتایا کہ جب ان کے والد نے ساتھی اداکارہ صبا حمید سے شادی کی تو وہ تقریباً گیارہ یا بارہ برس کے تھے۔ صبا حمید اس وقت طلاق یافتہ تھیں اور ان کے دو بچے، میشا اور فارس بھی تھے۔علی نے کہا کہ اس شادی کے بعد ان کے اور والد کے درمیان فاصلہ پیدا ہو گیا اور انہیں اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کی ذمہ داری سنبھالنی پڑی کیونکہ ان کی والدہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔اداکار کے مطابق انہوں نے ہمیشہ مسئلے کا حصہ بننے کے بجائے حل بننے کا انتخاب کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انہیں احساس ہوا کہ اصل میں ان کے والد بھی اس صورتِ حال سے تکلیف میں تھے۔ اس کے بعد علی نے اپنے والد سے دوبارہ بات چیت شروع کی اور رفتہ رفتہ ان کے درمیان تعلق بہتر ہوتا گیا۔