سلینا گومز اور بینی بلانکو شادی کی تیاریاں، تقریبات کا آغاز کب ہوگا؟

لاس اینجلس: معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز اور موسیقار و پروڈیوسر بینی بلانکو نے شادی کی تیاریوں کا آغاز موسمِ گرما کے آخر میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف بلانکو نے 10 جولائی 2025 کو ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران کیا۔یہ مشہور جوڑا دسمبر 2024 میں منگنی کے بندھن میں بندھا تھا، تاہم مصروف شیڈول کی وجہ سے شادی کی منصوبہ بندی میں تاخیر ہوئی۔ بلانکو نے بتایا کہ سلینا اپنے فلمی اور موسیقی کے پروجیکٹس میں مصروف ہیں جبکہ وہ خود کتابوں کی ریلیز، اسٹوڈیو کے کام اور ایک مشترکہ البم پر کام کر رہے ہیں۔بلانکو نے کہا کہ اگرچہ دونوں مصروف ہیں، لیکن ان کا فارغ وقت ایک ساتھ بےحد خوشگوار گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا، سلینا کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے سب سے خوبصورت لمحہ ہوتا ہے۔شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بلانکو نے بتایا کہ وہ تقریب کو سادہ، خوشگوار اور ذاتی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ہونے والی بیوی سلینا نے ایک وژن بورڈ تیار کیا ہے جس کے مطابق گھر کے بیک یارڈ میں تقریب ہوگی جس میں قریبی رشتہ دار اور شوبز کی دنیا کے کئی بڑے ستارے شرکت کریں گے۔