’’ہیری پوٹر‘‘ نئی کاسٹ کے ساتھ ٹی وی سیریز کے طور پر جلوہ گر ہوگی

بچپن کی یادوں سے جڑی، ہالی ووڈ کی لازوال فلم سیریز ہیری پوٹر ایک نئے روپ میں دوبارہ اسکرین پر آنے کو تیار ہے۔ لیکن اس بار بات فلموں کی نہیں بلکہ ایک مکمل ٹی وی سیریز کی ہورہی ہے، جس میں سب کچھ نیا ہوگا… کہانی وہی پرانی، مگر چہرے ہوں گے نئے!ایچ بی او نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ ہیری پوٹر کی دنیا اب ایک نئی نسل کے اداکاروں کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر قدم رکھے گی۔ ٹی وی سیریز میں جادو، مہم جوئی اور دوستی کا وہی پرانا رنگ ہوگا، جو ہیری، ہرمائینی اور رون کے گرد گھومتا ہے، مگر اس بار ان کرداروں میں نظر آئیں گے نوجوان فنکار: ڈومینک میکلافلن بطور ہیری پوٹر، اربیلا اسٹینٹن بطور ہرمائینی گرینجر، اور السٹر اسٹیوٹ بطور رون ویزلی۔ایچ بی او نے اپنے انسٹاگرام پیج پر تینوں نوآموز اداکاروں کو خاص انداز میں خوش آمدید کہا، اور انہیں جادوئی دنیا کے دروازے کھولنے کی نوید دی۔ پوسٹ میں لکھا گیا: ’’مسٹر پوٹر، مس گرینجر، اور مسٹر ویزلی! ہمیں خوشی ہے کہ آپ کو ہوگورٹس اسکول آف وِچ کرافٹ اینڈ وِزڈرڈری میں داخلہ مل گیا ہے۔‘‘اس شاندار موقع کے پیچھے ایک دلچسپ انتخابی عمل کارفرما رہا۔ مشہور میگزین ورائٹی کے مطابق، گزشتہ سال ایچ بی او نے جب اوپن کاسٹنگ کال کا اعلان کیا تھا، تو دنیا بھر سے 30 ہزار سے زائد بچوں نے آڈیشن دیے۔ ان میں سے ان تین خوش نصیبوں کو چُنا گیا جو اب جادو کی اس دنیا کے مرکزی کردار بننے جا رہے ہیں۔سیریز کی شو رنر فرانسسکا گارڈنر اور ہدایتکار مارک میلڈ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہم نے اپنے ہیری، ہرمائینی اور رون کو ڈھونڈ نکالا ہے۔ ان تینوں میں جو جوہر اور صلاحیت ہے، وہ اسکرین پر دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ہم اُن ہزاروں بچوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے آڈیشن دیے۔‘‘سیریز کی خوبصورتی یہ ہے کہ نئی نسل کے ہیروز کے ساتھ ساتھ، معروف اور تجربہ کار اداکار بھی شامل کیے گئے ہیں۔ جان لیتھگو پروفیسر ڈمبلڈور کا کردار نبھائیں گے، جب کہ جینیٹ میکٹیئر پروفیسر مکگونگل، پاپا ایسیڈو پروفیسر اسنیپ، نک فراسٹ ہیگرڈ، لوک تھیلن پروفیسر کوئریل، اور پال وائٹ ہاؤس اسکول کے سخت گیر نگراں فلچ کا روپ دھاریں گے۔یہ سیریز جے کے رولنگ کے مشہور زمانہ ناولوں پر ہی مبنی ہوگی، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ خود رولنگ اس پراجیکٹ میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے شامل ہوں گی۔نوجوان کاسٹ کے کیریئر کی بات کی جائے تو، السٹر اسٹیوٹ کے لیے یہ پہلا بڑا پروجیکٹ ہے، ڈومینک میکلافلن کامیڈی سیریز Grow میں جلد نظر آئیں گے، جبکہ اربیلا اسٹینٹن نے ویسٹ اینڈ پر میٹیلڈا: دی میوزیکل میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے۔اگرچہ ابھی ٹی وی سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، لیکن یہ طے ہے کہ یہ پروجیکٹ جلد ہی ایچ بی او میکس پر جادو جگانے آ رہا ہے۔ مداحوں کو اب شدت سے انتظار ہے کہ آیا یہ نئی نسل بھی اُس سحر کو قائم رکھ پائے گی جس نے ہیری پوٹر کو دُنیا بھر کے دلوں میں بسایا۔