شوبز

ماہرہ خان کے ساتھ لندن میں بدسلوکی کا ناخوشگوار واقعہ، ویڈیو وائرل

پاکستان شوبز کی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں اپنی نئی فلم لو گرو کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران انتہائی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن کے علاقے الفورڈ میں واقع انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں مداحوں سے ملنے اور فلم کی تشہیر کے لیے پہنچیں۔ابتدا میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا، لیکن جیسے جیسے ہجوم بڑھتا گیا، صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی۔ سیکیورٹی انتظامات انتہائی ناقص تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چند اوباش نوجوانوں نے بدتمیزی شروع کردی۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ماہرہ خان رش کے دوران اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں، تب بعض افراد نے انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی، جس پر اداکارہ شدید پریشان اور نالاں دکھائی دیں۔ماہرہ خان کا ارادہ تھا کہ وہ اسٹور کی چھت پر جا کر اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلائیں اور ان سے رابطہ قائم کریں، لیکن یہ اقدام بھی ہجوم کے دباؤ کی نذر ہوگیا۔ اس واقعے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جن میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو چھت سے ہاتھ ہلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، مگر اس خوش مزاجی کے پیچھے اداکارہ کی پریشانی چھپی نہیں رہی۔تاحال نہ ماہرہ خان اور نہ ہی ایونٹ کے منتظمین کی جانب سے اس ناخوشگوار واقعے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے آیا ہے، تاہم مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اداکارہ کے لیے اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button