اداکارہ زینت امان اسپتال میں داخل، اب حالت کیسی ہے؟

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ زینت امان نے اسپتال سے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔ورسٹائل اداکارہ زینت امان نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک طبی عمل کے بعد اسپتال کے ’ریکوری روم‘ میں ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔73 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اسپتال سے کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں ایک تصویر میں وہ اپنی ایک آنکھ کو ڈھانپے نظر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طویل عرصے سے ان کی سوشل میڈیا پر غیر فعال رہنے کی وجہ ان کی طبی مصروفیات تھیں، تاہم انہوں نے اسپتال میں داخل ہونے اور طبی عمل سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔سینئر اداکارہ نے لکھا کہ اسپتال کے سرد ماحول نے انہیں دوبارہ زندگی کے معنی یاد دلا دیے ہیں، اور اب وہ ایک مرتبہ پھر باقاعدگی سے انسٹاگرام پر اپنی کہانیاں، فیشن، ذاتی یادیں اور خیالات بانٹنی رہیں گی۔یاد رہے کہ ماضی کی مقبول اداکارہ زینت امان ’ہرے راما ہرے کرشنا‘، ’ڈان‘ اور ’ستیم شیوم سندرم‘ جیسی فلموں کیلئے جانی جاتی ہیں۔ زینت امان جلد ہی نیٹ فلکس کی سیریز ’The Royals‘ میں نظر آئیں گی، جو 9 مئی 2025 کو ریلیز ہو رہی ہے۔