عامر خان کی فلم ستارے زمین پر کب ریلیز ہوگی؟ ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز تاریخ طے کرلی گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور ’پرفیکشنسٹ‘ کے لقب سے پہچانے جانے والے عامر خان اپنی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ساتھ ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔یہ فلم ہسپانوی فلم Campeones کا ریمیک بتائی جا رہی ہے اور اس کی ہدایت کاری آر ایس پراسانا نے کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فلم 20 جون 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔یہ فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا تسلسل ہے۔ ستارے زمین پر میں عامر خان ایک باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ذہنی معذوری کا شکار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو تربیت دیتا ہے۔کہانی میں بچوں کا ایک گروپ بھی شامل ہے جو مختلف ذاتی مسائل سے نبرد آزما ہے۔ فلم میں جنیلیا ڈیسوزا بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔پہلے اس فلم کی ریلیز 30 مئی 2025 میں متوقع تھی تاہم فلمسازوں کی جانب سے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔