ایشوریا رائے اور سلمان خان کے بریک اپ کی اصل کہانی سامنے آگئی

بالی ووڈ کی سب سے مشہور جوڑیوں میں سے ایک، سلمان خان اور ایشوریا رائے، جنہوں نے فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں اپنی جادوئی کیمسٹری سے مداحوں کے دل جیت لیے تھے، ان کی محبت کی کہانی کا انجام اتنا تلخ تھا کہ ایشوریا آج بھی اس کا ذکر سننا پسند نہیں کرتیں۔ لیکن اب، برسوں بعد، اس بریک اپ کی اصل کہانی سامنے آگئی ہے۔90 کی دہائی کے آخر میں، سلمان اور ایشوریا کی جوڑی نے نہ صرف پردے پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی چرچے بنائے۔ دونوں کے درمیان محبت کا رشتہ اتنا گہرا تھا کہ مداحوں کو لگنے لگا تھا کہ یہ جوڑی ہمیشہ کےلیے اکٹھی ہو جائے گی۔ لیکن زندگی کی کہانی فلموں سے زیادہ پیچیدہ ہوتی ہے۔سینئر فلمی صحافی حنیف زاویری نے ایک پوڈ کاسٹ میں انکشاف کیا کہ ایشوریا کے والدین سلمان خان کو اپنی بیٹی کےلیے مناسب نہیں سمجھتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ سلمان محض ایشوریا کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں، جبکہ سلمان اس رشتے کو سنجیدگی سے لے رہے تھے۔ سلمان پر پہلے بھی کئی اداکاراؤں کے ساتھ تعلقات کا لیبل لگا ہوا تھا، جس کی وجہ سے ایشوریا کے والدین کو شک تھا۔سلمان خان چاہتے تھے کہ وہ جلد از جلد ایشوریا سے شادی کرلیں، لیکن ایشوریا اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں اور وہ اس وقت شادی کےلیے تیار نہیں تھیں۔ یہی وہ نقطہ تھا جہاں سے دونوں کے درمیان فاصلے بڑھنے لگے۔