
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نیٹو اتحادیوں کا ہر گز دفاع نہیں کریں گے جب تک وہ اپنی سیکیورٹی پر مناسب اخراجات نہیں کرتے۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، یہ عام فہم بات ہے اگر وہ ادائیگی نہیں کرتے تو میں ان کا دفاع ہر گز نہیں کروں گا۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے اسی مؤقف پر قائم ہیں اور اپنی سابقہ صدارت (2017-2021) کے دوران بھی نیٹو اتحادیوں کو یہ باور کرایا تھا، میرے دباؤ پر نیٹو ممالک نے دفاعی اخراجات میں اضافہ تو کیا لیکن یہ اب بھی ناکافی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ نیٹو اتحادی ان کے دوست ہیں مگر ہمیں خدشہ ہے کہ اگر امریکہ کو کسی بحران کا سامنا کرنا پڑا تو فرانس سمیت کچھ ممالک امریکا کا دفاع کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا آپ جانتے ہیں نیٹو کے حوالے سے میرا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟ میں ان سب کو اچھی طرح جانتا ہوں یہ میرے دوست ہیں۔ لیکن اگر امریکہ کو مشکل پیش آئے اور ہم انہیں مدد کے لیے بلائیں تو کیا آپ کو لگتا ہے کہ فرانس یا دوسرے ملک ہماری مدد کریں گے؟ انہیں کرنا چاہیے، لیکن مجھے یقین نہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ 9/11 حملوں کے بعد نیٹو نے پہلی اور واحد بار اجتماعی دفاعی معاہدے (آرٹیکل 5) کو فعال کیا تھا، جس کے نتیجے میں نیٹو کی سب سے بڑی فوجی کارروائی افغانستان میں کی گئی، جہاں فرانسیسی فوج بھی شریک تھی۔ٹرمپ نے نیٹو کے حوالے سے کہا کہ یہ اتحاد "ممکنہ طور پر مفید” ثابت ہوسکتا ہے لیکن تب تک جب تک کہ اخراجات کا مسئلہ حل نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا یہ ہمیں تجارت میں نقصان پہنچا رہے ہیں۔ٹرمپ کے نیٹو مخالف بیانات اس اتحاد پر ان کے دیرینہ تحفظات کی عکاسی کرتے ہیں لیکن یہ ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مغربی ممالک میں پیوٹن کے ساتھ ان کے تعلقات پر تشویش بڑھ رہی ہے جو نیٹو کو ہمیشہ اپنے لیے خطرہ تصور کرتے رہے ہیں۔ ٹرمپ نے جاپان کے ساتھ امریکہ کے دفاعی معاہدے پر بھی سوالات اٹھائے، جو دوسری جنگ عظیم کے بعد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا ہمارا جاپان کے ساتھ بہترین تعلق ہے لیکن ہمارے معاہدے کے مطابق ہمیں ان کا دفاع کرنا ہوتا ہے جبکہ وہ ہماری حفاظت کے پابند نہیں۔دریں اثنا فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹرمپ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ صرف فرانس ہی نہیں بلکہ تمام یورپی ممالک افغانستان میں امریکی افواج کے ساتھ کھڑے تھے اور جب امریکہ نے افغانستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو انہیں پیشگی اطلاع تک نہیں دی گئی۔ ہم وفادار اور مخلص اتحادی ہیں۔