
بیجنگ: چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مصر اور عرب ممالک کے امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابل تقسیم حصہ ہے۔چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ کی حیثیت میں کسی بھی زبردستی کی گئی تبدیلی سے خطے میں مزید بدامنی اور انتشار پھیلے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کیا جائے اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے۔وانگ ژی نے ایک بار پھر فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہی مشرق وسطیٰ کے تنازع کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے تمام فلسطینی گروپوں سے اپیل کی کہ وہ "بیجنگ اعلامیے” پر عمل کریں اور اتحاد قائم رکھیں تاکہ فلسطینی کاز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین ہمیشہ مشرق وسطیٰ کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور انصاف، امن اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ اگر وہ واقعی غزہ کے عوام کے خیرخواہ ہیں تو انہیں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد میں اضافہ کرنا چاہیے۔