امریکا کا پیوٹن مخالف رہنما ناولنی کی پراسرار موت کے بعد روس پر نئی پابندیوں کا فیصلہ
امریکا نے پیوٹن مخالف رہنما الیکسی ناولنی کی روسی جیل میں پراسرار موت کے بعد روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔برطانوی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے ہم روسی حزب مخالف رہنما الیکسی ناولنی کی روسی جیل میں پراسرار موت اور 2 سالوں سے یوکرین پر مسلط کردہ جنگ کے پیش نظر روس پر پابندیاں عائد کرنے جا رہے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق صدر بائیڈن نے کیلی فورنیا کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت میں پابندیوں کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تاہم امریکی ترجمان جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ روسی دفاعی اور صنعتی سیکٹر سمیت روسی معیشت اہم ریونیو جنریٹ کرنے والے ذرائع پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔امریکی ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ یوکرین میں جاری روسی جنگ اور ناولنی کے موت پر روس کو ذمہ دار ٹھہرانے کیلئے پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد سے امریکا نے روسی صدر پیوٹن، ان کے قریبی حکام اور روسی بینکوں کیخلاف پہلے ہی کئی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔