جنوبی کوریا: معزول صدر پر بغاوت کے الزام کے تحت فرد جرم عائد
جنوبی کوریا کے پراسیکیوٹرز نے مواخذے کا سامنے کرنے والے صدر یون سک یول پر 3 دسمبر کو مارشل لا کے نفاذ کے ساتھ بغاوت کی کوشش کی قیادت کرنے کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کردی۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے ترجمان ہان من سو نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ استغاثہ نے یون سک یول پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں بغاوت کی کوشش کا سرغنہ ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔بغاوت ان چند جرائم میں سے ایک ہے جن سے جنوبی کوریا کے صدر کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے، اس الزام کے ثابت ہونے پرعمر قید یا موت کی سزا ہوسکتی ہے جب کہ جنوبی کوریا نے کئی دہائیوں کے دوران کسی شخص کو پھانسی نہیں دی ہے۔یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول کو مارشل کے نفاذ کی کوشش پر گزشتہ ہفتے گرفتار کرلیا گیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق یون سوک یول صدارت کے دوران گرفتار ہونے والے جنوبی کوریا کے پہلے صدر بن گئے تھے۔ صدر یون کو مارشل لا نافذ کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سے قبل صدر کی گرفتاری کی کوششیں ناکام ہوگئی تھیں۔ان کی گرفتاری کے لیے سینکڑوں سیکورٹی اہلکار اور تفتیش کاردیواریں پھلانگ کر صدارتی رہائش گاہ میں داخل ہوئے تھے، اس موقع پر صدر کے حامی بھی موجود تھے۔