امریکا: ہیلتھ انشورنس کمپنی کے سی ای او کے قتل کا معاملہ پراسرار ہوگیا
امریکا میں ملٹی نیشنل ہیلتھ انشورنس کمپنی یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او برائن تھامپسن کے قتل کا معاملہ پراسرار ہوگیا ہے۔برائن تھامپسن کو بدھ کے روز نامعلوم مسلح شخص نے نیو یارک کے ہلٹن ہوٹل کے باہر گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا، ملزم کی تلاش جاری ہے۔نیویارک پولیس نے قتل کی واردات کو منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا حملہ قرار دیا ہے لیکن قتل کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی، تاہم سوشل میڈیا پر ممکنہ محرکات کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں، جن میں ذاتی دشمنی، کارپوریٹ انتقام اور کمپنی کی متنازع پالیسیوں کا ذکر شامل ہے۔تحقیقات کے دوران گولیوں کے خول پر ملنے والے پراسرار الفاظ نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق گولیوں کے خول پر لکھے گئے الفاظ تھے، deny، defend اور depose، بعض لوگوں کے خیال میں ان الفاظ کا اشارہ برائن تھامپسن اور اُن کے ساتھیوں کے خلاف کمپنی کے لاکھوں ڈالرز کے شیئرز خُرد برد کرنے کے مقدمے سے ہوسکتا ہے۔FBI کے سابق سینیئر اہلکار کے خیال میں قتل کی ایک اور وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کمپنی کی انشورنش کلیمز مسترد کرنے کی 32 فیصد شرح بقیہ بیما کمپنیوں سے دو گنا زیادہ ہے۔