حزب اللہ کا پہلی مرتبہ اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر اور وزارت دفاع پر حملے کا دعویٰ
حزب اللہ نے پہلی بار اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر اور وزارت دفاع پر ڈرونز سے حملے کا دعویٰ کردیا۔اپنے ایک بیان میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈکوارٹر اور وزارت دفاع کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے اہم دفاعی اداروں اور کمرشل مراکز پر فضائی حملوں کیلئے پھٹنے والے ڈرونز کے اسکواڈرن کا استعمال کیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لبنان سے اسرائیل پر بھاری تعداد میں راکیٹ فائر کیے گئے تھے۔اسرائیل کے مرکزی علاقوں میں سائرن کی آوازوں کے بعد ایک اور بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ لبنان سے دو ڈرونز اور 40 میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے گئےجنہیں تباہ کردیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ حملے کہاں ہوئے اس مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا بعد ازاں ستمبر 2024 میں اسرائیل نے لبنان پر براہ راست حملے شروع کردیے تھے۔