حساس فوجی دستاویزات سوشل میڈیا پر لیک کرنے پر پینٹاگون اہلکار کو 15 سال قید
پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے امریکی ایئرمین 22 سالہ جیک ٹیکسیرا کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق بوسٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج اندرا تلوانی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اتنی حساس اور خفیہ دستاویزات کو کیسے ہینڈل کرنا ہے اور ان کے افشاء کرنے پر کیا سزا ہوسکتی ہے۔ اس کے بارے میں وسیع معلومات اور تربیت کے باوجود ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈسکورڈ (Discord) پر ایک سال تک سیکڑوں دستاویزات پوسٹ کیں۔عدالتی فیصلے میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ حقیقتاً جن کا کام ملزم کو اس حرکت سے روکنا تھا وہ بھی اپنی ذمہ داری نہیں نبھا سکے۔ یہ بدقسمتی ہے۔قبل ازیں عدالت میں وفاقی استغاثہ نے اس جرم کو امریکی جاسوسی سے متعلق قانون کی سب سے اہم اور نتیجہ خیز خلاف ورزیوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔استغاثہ کے مطابق جنوری 2022 سے ملزم نے روس کے یوکرین پر حملے سے متعلق سیکڑوں خفیہ دستاویزات تک رسائی حاصل کرنا شروع کی تھی جب کہ اس کے پاس اسرائیل، فلسطین، شام، ایران اور چین سے متعلق خفیہ معلومات تک بھی رسائی تھی۔اس سرگرمی پر اعلیٰ افسران نے جیک ٹیکسیرا کو سال 2022 میں دو مرتبہ خفیہ معلومات افشا کرنے سے متعلق نصیحت بھی کی تھی اور اسے انٹیلی جنس معلومات کی گہرائی تک جانے سے متنبہ بھی کیا تھا۔ان الزامات کی بنیاد پر وفاقی استغاثہ نے عدالت سے ملزم کو 17 سال قید کی سزا دینے کی استدعا کی تھی۔