بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید
مودی سرکار کے سیاہ قانون کے خلاف قرارداد کی منظوری کے اگلے ہی روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید دو نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع سوپور میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔بعد ازاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے شہدا کی لاشیں اہل خانہ کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور مقابلے میں مارے گئے۔شہدا کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔یاد رہے کہ دو روز قبل ہی مقبوضہ جموں کشمیر کی اسمبلی نے مودی سرکار کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے سیاہ بل کے خاتمے اور آرٹیکل 370 کی بحالی کی قرار داد منظور کی تھی۔