آپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی نئی شروعات ہے، اسرائیل سمیت عالمی رہنماؤں کی ٹرمپ کو مبارکباد
اسرائیل، بھارت، برطانیہ اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک کے سربراہان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا 47 ویں صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے ٹرمپ کے نام سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میں اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ترک صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ٹرمپ کے نئے دور میں امریکا اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور امریکا آزادی، جمہوریت اور دیگر امور میں مشترکہ اقدار کے دفاع کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی واپسی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ آپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی امریکا کے لیے نئی شروعات ہیں۔بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں تاریخی کامیابی پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔مودی نے ٹرمپ کے سابق دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔