امریکا اسرائیل کی حفاظت کیلئے مشرق وسطیٰ میں دہشت گرد گروپ استعمال کر رہا ہے، ترک صدر
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی سلامتی کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو استعمال کرتا ہے۔خبرایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق روس میں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ترکیہ روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ اب یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ امریکا خطے میں اپنے مفادات اور اسرائیل کی سیکیورٹی کے لیے دہشت گرد تنظیموں کا استعمال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیے نے اقوام متحدہ کے تحت اسرائیل پر اسلحے کے حوالے سے جامع پابندی عائد کرنے کے لیے ایک اقدام شروع کردیا ہے کیونکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان میں روزانہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے لیے حملے کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انقرہ کے اس مؤقف کی کئی ممالک حمایت کر رہے ہیں کہ اسرائیل پر اسلحے سے متعلق پابندی ہونی چاہیے۔ترک صدر نے کہا کہ ہمیں امید اقدام کی انسانیت کے لیے اتحاد کے طور پر اور پائیدار امن کے لیے کامیابی کی امید ہے۔انقرہ میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے سے متعلق سوال پر اردوان نے کہا کہ دہشت گرد کٹھ پتلیاں ہیں، ہمارا ہدف ترکیے کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے اور ہم اس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔