اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار؛ لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے مرکز پر حملہ
بیروت: عالمی قیادت اور تنظیموں کے متنبہ کرنے کے باجود نے اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے مرکز پر حملہ کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی لبنان میں امن فورس نے بتایا کہ 2 اسرائیلی ٹینکوں نے سرحد عبور کرکے اُن کے مرکز پر دھاوا بولا اور مرکزی داخلی دروزے کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج مرکز کے اندر تقریباً 45 منٹ تک موجود رہیں۔ اس دوران گولیاں چلتی رہیں، دھماکے ہوئے اور ہرطرف نقصان دہ دھواں بھر گیا۔اقوام متحدہ کی امن فورس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دھوئیں سے امن فوج کے 15 اہلکاروں کی حالت غیر ہوگئی۔ کچھ کی جلد میں جلن اور الرجی ہوگئی۔ اس کے علاوہ کچھ پیٹ کے مسائل کا شکار ہوئے۔اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل (UNIFIL) نے اپنے بیان میں بتایا کہ صرف 2 روز میں چوتھی بار اسرائیلی فوج نے امن فوج کو نقصان پہنچایا ہے۔یونیفل نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے کسی ادارے یا عمارت کے احاطے میں دخل اندازی سنہ 2006 کی قرار داد نمبر 1701 کی خلاف ورزی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے میس الجبل کے قریب امن فوج کو ایک انتہائی اہم لاجسٹک نقل و حرکت سے روک دیا تھا۔