مشرق وسطیٰ پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلا ئی جائے:چینی صدر شی جن پنگ
بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں عرب ریاستوں کے رہنماؤں کے ساتھ سربراہی اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے غزہ جنگ پر بین الاقوامی امن کانفرنس کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید انسانی امداد کا وعدہ بھی کیا۔عرب میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں چین – عرب تعاون فورم کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر عرب ممالک کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کو خوش آئند قرار دیا۔چینی صدر کے خطاب کے موقع پر چار عرب ممالک مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور تیونس کے سربراہان اور وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی میں اپنے عرب دوستوں سے ملتا ہوں، مجھے اپنائیت کا گہرا احساس محسوس ہوتا ہے، چین اور چینی عوام اور عرب ممالک اور عوام کے درمیان دوستی قدیم اور طویل شاہراہ ریشم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے تبادلے سے پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین اور عرب ممالک اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے زیادہ متوازن فریم ورک بنائیں گے جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ پہنچے گا۔غزہ کی جنگ کے حوالے سے چینی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتی، انصاف مستقل طور پر غائب نہیں رہ سکتا اور دو ریاستی حل کو من مانی پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔