اسرائیل کا شام میں ایران کے ٹھکانوں پر حملہ؛ 6 اہلکار جاں بحق
دمشق: اسرائیل نے شام میں لبنان کی سرحد کی قریب ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اور ایک اور دوسری جنگجو جماعت کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے مرکز پر حملہ کیا جس میں 6 جنگجو مارے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ان میں کم از کم ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔دوسری جانب شامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ عسکری تنظیموں کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جن میں ایک حزب اللہ کا مرکز تھا جہاں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی حملے میں 6 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شام میں دشمنوں کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کردیا۔اسرائیلی فوج نے ان حملوں میں جانی اور مالی نقصان سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز بھی اسرائیل نے ایک کار کو نشانہ بنایا تھا جس میں حزب اللہ کے ایک مقامی کمانڈر اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔