پاکستان آسٹریلیا تعاون کو نئی جہت، زراعت، ہنرمندی اور برآمدات کے فروغ پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے آسٹریلین ہائی کمیشن کے نمائندے ٹموتھی کین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور زراعت، اسکل ڈویلپمنٹ، تجارت، لائیو اسٹاک اور برآمدات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے، خواتین کی پیشہ ورانہ تربیت، زرعی شعبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شراکت داری کو نئی جہت ملی ہے اور پنجاب حکومت اس تعاون کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ میکنائزڈ زراعت کے فروغ سے زرعی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، جبکہ سمارٹ اور کلائمیٹ ریزیلینٹ بیج موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کا پائیدار حل ہیں۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر بیجوں کے استعمال سے خوراک کی خودکفالت کی جانب پیش رفت ہوگی۔ آسٹریلوی تعاون سے لائیو اسٹاک، ڈیری اور مویشیوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں کے ساتھ پانی، بیج اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ملاقات میں پنجاب حکومت کے "پیوٹ اکنامک ٹرانسفارمیشن پروگرام” کے تحت آسٹریلیا کے تعاون سے شروع کیے گئے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کے تحت ایک ہزار طلبہ کے لیے بڑھئی، ٹائل فٹنگ سمیت پانچ ایسی مہارتوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی عالمی مارکیٹ میں طلب موجود ہے۔ آسٹریلوی ماسٹر ٹرینرز پاکستان آکر نوجوانوں کو تربیت دیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کی تربیت کو بھی پروگرام کا مرکزی حصہ بنایا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نئے ٹریننگ پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں اور خواتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بااختیار بنانا وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی گراس روٹ لیول پر نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ملاقات میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا نے 2027 کے لیے پاکستان کے لیے 40 شارٹ کورس اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے، جن سے سرکاری افسران، جامعات اور بزنس سیکٹر سے وابستہ افراد استفادہ کرسکیں گے۔ منتخب امیدوار آسٹریلیا جاکر تربیت حاصل کریں گے۔پاکستانی آموں کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے آسٹریلیا میں "مینگو میلہ” (Mango Mela) منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جبکہ آسٹریلوی حکومت سے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پراسیس میں سہولت دینے کی درخواست کی گئی۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اس تعاون کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رکھنا چاہتیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار، کسانوں کو جدید سہولیات اور پنجاب کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینا چاہتی ہیں۔آسٹریلین ہائی کمیشن کے نمائندے نے پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بچوں کی دیکھ بھال اور ہراسمنٹ سے متعلق مثالی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی شراکت داری پنجاب کی برآمدات میں اضافے اور نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔



