محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں قائم جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔محسن نقوی کو سیف سٹی کے ساتھ مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بنیادی مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی مقام سے پوری اسلام آباد پولیس کی مؤثر کمانڈ اور مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز، فیلڈ سرگرمیوں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو براہِ راست مانیٹر کر سکیں گے اور کسی بھی ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں فوری احکامات جاری کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ جدید سینٹر کے ذریعے اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ، کوآرڈینیشن اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سیف سٹی سمیت پولیس کے تمام اہم آپریشنل نظام ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک ہوں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جدید اے آئی اور ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹمز کے ذریعے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوگی، جبکہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات، فوری فیصلہ سازی اور تیز رفتار پولیس رسپانس ممکن بنایا جا سکے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔



