
برطانوی شاہی خاندان کے رکن پرنس اینڈریو نے اپنے تمام شاہی اعزازات اور القابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ انہوں نے بادشاہ چارلس سے مشاورت کے بعد کیا۔پرنس اینڈریو نے ایک بیان میں کہا کہ وہ آئندہ اپنے کسی بھی شاہی خطاب یا لقب کا استعمال نہیں کریں گے، البتہ وہ بطور ’’پرنس‘‘ ہی جانے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی مرحوم والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے دیا گیا لقب ’’ڈیوک آف یارک‘‘ بھی واپس کر دیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ اینڈریو کی سابقہ اہلیہ سارہ فرگوسن نے بھی شاہی القابات استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ان کی دونوں بیٹیاں شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی بدستور اپنے شاہی القابات برقرار رکھیں گی۔یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو طویل عرصے سے امریکی کاروباری شخصیت جیفری ایپسٹین سے مبینہ تعلقات کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ ان پر ماضی میں جنسی جرائم سے منسلک الزامات بھی لگائے گئے تھے، جن کی انہوں نے ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے۔